صبور اور صحیفہ کو معمولی سے مذاق پر مداحوں نے آڑے ہاتھوں لے لیا

0
162

پاکستانی شوبز اسٹارز سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے جہاں مداحوں سے داد سمیٹتے ہیں تاہم وہیں پر وہ اس کے باعث تنقید کا نشانہ  بھی بن جاتے ہیں اور ایسے ہی اس وقت اداکارہ صبور علی اور اداکارہ صحیفہ جبار مداحوں کی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

مشہور اداکارہ سجل علی کی بہن اداکارہ صبور علی  نے ڈرامہ سیریل کے سیٹ پر ایک شخص کی ویڈیو بنائی جو کھڑکیاں صاف کر رہا ہے۔

اداکارہ صبور علی نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام پیج پر شیئر کی جس میں دیکھا گیا کہ وہ کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا تمسخر اڑا رہی ہیں اور کہتی ہیں کہ ”کیا کیا خواب لے کر اس کی ماں نے اس کو گھر سے بھیجا ہوگا” جس کے بعد اداکارہ نے خوب قہقہ بھی لگائے۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے صبور کے ساتھ اداکارہ صحیفہ جبار بھی ہیں جو خود ہنستے ہوئے کھڑکی صاف کرنے والے کے لیے کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ ”گھر میں یہ صبح اٹھ کر اپنے بستر کی چادر یا کمبل بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا اور اب یہ یہاں یہ کام کررہا ہے”۔

جب کہ سیٹ پر اداکار عفان وحید بھی وہاں موجود تھے جن سے اداکارہ صبور نے پوچھا کہ آپ کا اس (کھڑکی صاف کرنے والے) کے بارے میں کیا کہنا ہے جس پر اداکار عفان وحید نے جواب دیا کہ ”وہ محنت کر رہا ہے” اس بات پر بھی دونوں اداکارائیں ہنستی رہیں۔ 

اداکارہ صبور علی کو کھڑکی صاف کرنے والے شخص کی ویڈیو بنا کر انسٹاگرام میں اسٹوری شیئر کرنا ایسا مہنگا پڑا کہ اب مداحوں نے ان کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔

صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ کی دیگر پوسٹ میں جا کر لکھا کہ محنت کرنے والے کے لیے ایسا کہنا زیب نہیں دیتا آپ میں تھوڑی انسانیت ہونی چاہیے، دوسرے کی عزت کرنا بھی سیکھیے۔

بعدازاں اداکارہ صبور علی نے کھڑکی صاف کرنے والے کی ویڈیو حذف کرتے ہوئے ایک وضاحتی پوسٹ انسٹاگرام میں شیئر کی جس میں انہوں نے کھڑکی صاف کرنے والے کو آنے والے ڈارمے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر بتایا اور کہا کہ سیٹ پر ایسا ہنسی مذاق چلتا رہتا ہے۔

اداکارہ صبور علی نے سوشل میڈیا بلاگرز پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حوالے سے کچھ بھی کہنے سے پہلے ضرور سوچلیا کریں، دانستہ طور پر کسی بھی کام کرنے والے کا مذاق نہیں اڑایا گیا، لہٰذا گزارش ہے کہ کسی پر بھی انگلی اٹھانے سے پہلے ذمہ داری سے پوری تصویر پر غور کیا کریں۔

تاہم دوسری طرف صحیفہ جبار نے لائیو ویڈیو میں کہا کہ احسن بھائی (کھڑکی صاف کرنے والا) ہمارے قریبی دوست ہیں اور ہم ان کو سیٹ پر بہت تنگ کرتے ہیں ہمارا یہ مقصد نہیں تھا کہ ہم ان کا تمسخر اُڑائیں، آپ لوگوں نے تصویر کا صرف ایک ہی رُخ دیکھا ہے اس لیے آپ لوگ بول پڑے ہیں جب کہ کچھ بھی ایسا نہیں ہے۔

  تاہم دونوں اداکاراؤں کی اس وضاحت کے بعد بھی مداحوں کی جانب سے تنقید کی بارش جاری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here